کوئٹہ : خضدار کے علاقے وڈھ میں دستی بم پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق اور 8 بچے زخمی ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق خضدار کے نواحی علاقے میں پھٹنے والے دستی سے زخمی ہونے والے بچے مقامی مدرسے کے طالب العلم ہیں، چار شدید زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کیا گیا، دوران علاج ناصر ولد پسند خان نامی بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بچوں کو گزشتہ روز دستی بم پہاڑی ایریا سے ملا تھا، بچوں نے کھلونا سمجھ کر اٹھالیا، دستی بم سے کھیلنے کے دوران دستی بم پھٹنے سے 10 بچے زخمی ہوئے، گزشتہ چار ماہ سے وڈھ میں دو فریقین کے درمیان جنگ چل رہی تھی جس میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جاتا رہا، گزشتہ روز فریقین کے درمیان جنگ بندی کرکے سیکیورٹی فورسز نے مورچے اپنی تحویل میں لے تھے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دستی بم پھٹنے سے زخمی بچوں کو لے جانے والے ایمبولینس کو وہیر کے علاقے میں حادثہ پیش آیا، ایمبولینس میں تین شدید زخمی بچوں کو علاج کے لیے خضدار منتقل کیا جارہا تھا، ایمبولینس میں موجود زخمی ہونے والا ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔
0